میلبرن میں شرما اور رائنا کی عمدہ بلے بازی

سریش رائنا اور روہت شرما نے عمدگی سے کھیلتے ہوئے بھارت کو ایک مستحکم پوزیشن میں پہنچا دیا ہے
آسٹریلوی شہر میلبرن میں کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس وقت کریز پر سریش رائنا اور روہت شرما موجود ہیں اور بھارت نے 42 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 229 رن بنا لیے تھے۔
روہت شرما نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی ساتویں سنچری اور رائنا نے نصف سنچری مکمل کی ہے اور دونوں نے مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 110 رنز سے زیادہ کی اہم شراکت قائم کی ہے۔
جمعرات کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت کی جانب سے شکھر دھون اور روہت شرما نے اننگز شروع کی اور ٹیم کو اچھا آغاز دیا۔
ان دونوں نے بنگلہ دیشی بولروں کو ابتدائی اوورز میں حاوی ہونے نہیں دیا اور 75 رنز کی شراکت قائم کی۔
بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی 17ویں اوور میں اس وقت ملی جب شکیب الحسن نے شکھر دھون کو سٹمپ کروا دیا، وہ 30 رنز بنا سکے۔
روہت شرما نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری بنائی
اگلے ہی اوور میں روبیل حسین نے وراٹ کوہلی کی اہم وکٹ لی۔ وہ تین رن بنانے کے بعد وکٹوں کے پیچھے مشفق الرحیم کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
ریہانے اور روہت کی جوڑی مزید دس اوورز تک کریز پر رہی لیکن پھر ریہانے 19 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
اس میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم میں کپتان مشرفی مرتضیٰ کی واپسی ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں ماضی میں 13 مرتبہ ایک روزہ میچوں میں مدِمقابل آ چکی ہیں اور صرف ایک میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم فتح حاصل کر پائی ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں بھارت کی ٹیم تاحال ناقابلِ شکست ہے۔ اس نے پول بی میں اپنے چھ کے چھ میچ جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
میدان میں بنگلہ دیش کے حامیوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے
بنگلہ دیش کی ٹیم پول اے میں چوتھے نمبر پر رہی تھی اور اس نے پہلی بار ورلڈ کپ میں آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی ہے۔
بنگلہ دیش نے ابتدائی مرحلے میں انگلینڈ، سکاٹ لینڈ اور افغانستان کو ہرایا جبکہ سری لنکا اور نیوزی لینڈ سے اسے شکست ہوئی۔
آسٹریلیا کے خلاف بنگلہ دیش کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا۔