بالی وڈ میں بے باک مناظر اور گالیاں

سنی لیون
سنی لیون کی آنے ولی فلم ’ایک پہیلی لیلا‘ جلدی ہی ریلیز ہونے والی ہے

بالی وڈ میں بے باک مناظر اور گالیاں

بالی وڈ میں اس وقت حقیقت سے قریب موضوعات پر فلمیں بنانے کا ٹرینڈ چل نکلا ہے جس میں گالی گلوچ اور کھلم کھلا مناظر دکھانے پر بحث بھی جاری ہے۔
ایسی کئی فلمیں ہیں جیسے ’ڈہلی بیلی،‘ ’ڈولی کی ڈولی‘ اور حال ہی میں ’این ایچ ٹین‘ ریلیز ہوئی جس میں گالیاں فلم کا حصہ تھیں۔
کچھ فلم ساز اسے فن کی آزادی کا نام دیتے ہیں تو کچھ ایسی’فن کی آزادی ‘ کے نام پر بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کی کوشش بتاتے ہیں۔
اس کی تازہ مثال ’دل والی ظالم گرل فرینڈ‘ ہے۔
فلم کا ٹریلر ہی خاصا مسالے دار ہے۔ ایک تو فلم میں یو یو ہنی سنگھ کے گانے اور ان گانوں پر نیم برہنہ لباس میں تھرکتی لڑکیاں، اور سونے پر سہاگہ بے شمار تازہ ترین گالیاں۔
صرف ٹریلر دیکھ کر ہی سینسر بورڈ کی پریشانی کا اندازہ ہو جاتا ہے۔
خیر فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینسر بورڈ نے فلم میں 63 جگہ پر آواز بند کرنے کا حکم دے کر اسے یو اے کا سرٹیفکٹ تھما دیا۔
یہاں میں خود تذبذب کا شکار ہوں کہ یہ 63 جگہ آواز ٹریلر میں خاموش کرنے کے لیے کہا گیا ہے یا پھر پوری فلم میں۔
راکھی ساونت
راکھی ساونت ہمیشہ ہی اپنے بیانات کے سبب خبروں میں رہتی ہیں۔

راکھی کا اظہارِ عشق

انڈسٹری میں کچھ لوگ ایسے ہیں جو منھ کھولنے سے پہلے ایک بار بھی نہیں سوچتے۔ ان میں سے ایک ہیں راکھی ساونت۔
یہ بیچاری کافی دنوں سے خبروں میں نہیں تھیں۔
وہ کہاوت ہے نا، ’مرتا کیا نہ کرتا۔‘ پھر کیا تھا راکھی نے آؤ دیکھا نہ تاؤ، جھٹ سے ایک عجیب وغریب بیان ٹھونک دیا جس میں انھوں نے نہایت ہی بھونڈے انداز میں کرکٹر وراٹ کوہلی کے لیے اظہارِ عشق کر ڈالا۔
اب راکھی نے اپنا انتہائی بے باک اظہارِ عشق کس طرح کیا، وہ بھی خاموش کرنے کے لائق ہے، لہٰذا یہ نہیں بتایا جا سکتا کہ انھوں نے کہا کیا۔
فی الحال وراٹ کوہلی کے لیے ایک بڑی مشکل ہے۔ وہ اداکارہ انوشکا شرما سے کھل کر ٹوئٹر پر اظہارِ محبت تو کر چکے ہیں لیکن انوشکا نے انتہائی محتاط انداز میں انھیں سرسری سا جواب دیا ہے۔
اب وراٹ کوہلی کے لیے دوسرا آپشن بھی موجود ہے۔ کیونکہ انوشکا نے تو جواب نہیں دیا اور راکھی نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے تو وراٹ، سوچ لیجیے کیا کرنا ہے۔
قطرینہ کیف
قطرینہ کیف کا تعلق لندن سے ہے اور وہ بالی وڈ میں اپنا ایک خاص مقام بنا چکی ہیں
قطرینہ کیف کا مومی مجسمہ
لندن کے مومی عجائب گھر مادام توساؤ کے بارے میں کون نہیں جانتا۔ اب اس عجائب گھر میں ایک نیا مجسمہ شامِل ہونے والا ہے اور وہ ہے اداکارہ قطرینہ کیف کا۔ جس کی نقاب کشائی اسی ماہ ہونے کا امکان ہے۔
اس میوزیم میں پہلے سے ہی شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، کرینہ کپور، ایشوریہ رائے بچن اور سلمان خان کے مومی مجسمے موجود ہیں۔
اب سلمان خان حقیقت میں تو اپنی مبینہ سابق گرل فرینڈز کا ساتھ حاصل نہ کر سکے تو میوزیم میں ہی سہی۔
دیکھتے ہیں قطرینہ کیف کے مبینہ بوائے فرینڈ رنبیر کپور اپنی دوست کا ساتھ دینے کے لیے کب اس عجائب گھر پہنچتے ہیں۔
کاجول اور شاہ رخ خان
تقریباً پچیس سال پہلے کاجول اور شاہ رخ خان کی فلم دلی والی دلہنیا لے جائئں گی سپر ہٹ رہی تھی

دل ہونا چاہیے جوان۔۔۔

بالی وڈ میں اب یہ تاثر ختم ہوتا نظر آ رہا ہے کہ بالی ووڈ بیوٹیز 30 کا پڑاؤ پار کریں یا بیبز سے بیویاں بن جائیں تو ماضی کا قصہ بن جاتی ہیں۔
چاہے وہ مادھوری دکشت ہوں، رانی مکھرجی یا پھر شلپا شیٹی۔ اگر یہ اداکارائیں واپس آنا بھی چاہیں تو انھیں ہیروئن کے کردار میں لینے کی ہمت کم ہی ڈائریکٹر کر پاتے ہیں۔
دوسری طرف ہمارے ہیرو 50 بہاریں دیکھنے کے بعد بھی 25 سال کی ہیروئن کے ساتھ رومانس کرتے نظر آتے ہیں۔
لیکن اب یہ ٹرینڈ بدلتا نظر آ رہا ہے جس کی مثال کاجول اور ایشوریہ رائے ہیں۔
کاجول جو چند سالوں میں 40 کے پیٹے میں ہوں گی، اب روہت شیٹی کی فلم ’دل والے‘ میں کنگ خان شاہ رخ خان کے ساتھ ایک بار پھر رومانس کرتی نظر آئیں گی۔
اب پتہ نہیں کاجول اور شاہ رخ 25 سال پہلے آنے والی ’دل والے دلھنیا لے جائیں‘ گے جیسی کیمسٹری دکھا پائیں گے یا نہیں۔ خیر انتظار کیجیے۔