کراچی: آرام باغ کے قریب دھماکا، ایک شخص ہلاک


کراچی کے علاقے آرام باغ میں بوہری برادری کی مسجد کے باہر دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جب کہ سات زخمی ہو گئے ہیں۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق دھماکے کے وقت برہانی ہسپتال کے قریب صالح مسجد میں نماز کی ادائیگی جاری تھی۔
زخمیوں کو فوری طور پر برہانی ہستپال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے میں ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جو کہ موٹرسائیکل میں نصب تھی۔
ڈی آئی جی عبدالخالق شیخ کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور بیشتر دکانیں بند ہونے کی وجہ سے نقصان کم ہوا ہے۔
دھماکے کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں، جبکہ اردگرد کی دکانوں، گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئیں، جبکہ رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا بوہری برادری کے جماعت خانے کے قریب ہوا۔